The Pakistan Post
Daily News Publishing Portal

کورونا لاک ڈاون کے دوران عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی تعداد میں اضافہ ہوا ،چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خاں

29

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 18 اکتوبر2020ء) : چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس محمد قاسم خاں نے کہا ہے کہ کورونا لاک ڈاون کے دوران عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جوڈیشل افسران کو پہلے سے زیر التوا کیسز اور نئے دائر ہونے والے مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کے لیے بھرپور محنت اورٹیم ورک کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز گجرات میں جوڈیشل افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف جسٹس نے گجرات بار کے ہال کا سنگ بنیاد رکھا، ممبران بار سے خطاب کیا اور نوجوان وکلا میں انٹرن شپ کے چیک بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس اسجد جاوید گھرال، مسٹر جسٹس فاروق حیدر، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید مظفر علی شاہ، گوجرانوالہ ڈویثرن کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، سینئر سول ججز گجرات شفاقت علی، طارق بشیر، صائمہ قریشی ، آر پی او گوجرانوالہ ریاض نذیر گاڑا، ڈپٹی کمشنر گجرات سیف انور جپہ،ڈی پی او ،صدر بار بلال گورسی، سیکرٹری سید عمران ایڈووکیٹ، تحصیل بار کے صدور و سیکرٹریزبھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس محمد قاسم خاں نے جوڈیشل افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زیر التوا مقدمات کی تیزی سے سماعت اور ان پر میرٹ پر فیصلوں کے زریعے ہی سائلین کو ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے، ججز ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل پیرا رہیں اور اپنے کردار و عمل سے عدلیہ کی عزت و وقار میں اضافہ کا باعث بنیں۔فاضل سیشن جج گجرات سید مظفر علی شاہ نے چیف جسٹس کو ضلعی عدلیہ کی کارکردگی بارے بریفنگ دی اور انہیں گجرات میں خوش آمدید کہا۔بعد ازاں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس محمد قاسم خاں نے بار ہال کے افتتاح اور وکلا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ اور بار دونوں کا مقصد شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی ہے، بار اور بنچ اپنا رول موثر طریقے سے سرانجام دیکر فلاحی معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوان وکلا پر زور دیا کہ وہ قانون پر اپنی مہارت میں اضافہ کے لئے سینئرز سے سیکھنے کیساتھ مطالعہ کی عادت اپنائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More