The Pakistan Post
Daily News Publishing Portal

ڈاکٹروں کی نواز شریف کو لندن میں رہنے کی تجویز’، نئی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع … نواز شریف کورونا سے بچاؤ کے لیے ہجوم والے مقامات پرنہ جائیں، رپورٹ کا متن

7

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – این این آئی۔ 15 ستمبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی نئی میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرادی گئی۔نواز شریف کی 4 صفحات پر مشتمل نئی میڈیکل رپورٹ ان کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے عدالت میں جمع کروائی ہے۔میڈیکل رپورٹ کے مطابق ڈاکٹروں نے نوازشریف کو علاج کے لیے لندن میں رہنے اور سفر کرنے سے اجتناب کرنے کی تجویز دی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ نواز شریف کورونا سے بچاؤ کے لیے ہجوم والے مقامات پرنہ جائیں، ان کو اپنی عمر، پیچیدہ بیماریوں وجہ سے اور کورونا کے حوالے سے عام آدمی سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ نوازشریف کے مطابق وہ پاکستان کی جیل میں تنہا قید تھے اور ان کی حالت وہاں زیادہ خراب ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

میڈیکل رپورٹ کے مطابق ڈاکٹروں نے نواز شریف کو ہدایت کی ہے کہ وہ معمول کی چہل قدمی جاری رکھیں، وہ ہائی رسک کیٹیگری کے مریض ہیں، ان کے دل کے علاج کے لیے تمام اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ، کورونا کی وجہ سے نواز شریف سمیت کئی مریضوں کے علاج میں خلل آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے دل کی شریانیں کھولنے کے لیے جلد ہی وقت مقررکیا جائے گا اور ان کے پلیٹیلیٹس کا علاج دل کی بند شریانیں کھولنے کے عمل کے بعد کیا جائیگا۔خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے چوہدری شوگر ملز کیس میں طبی بنیادوں پر نواز شریف کی ضمانت منظور کی تھی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں طبی بنیاد پر نوازشریف کی 2 ماہ کیلئے سزا معطل کی تھی۔ بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے بیان حلفی کی بنیاد پر نواز شریف کو 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی جس کے بعد نواز شریف 19 نومبر 2019 کو لندن روانہ ہوگئے تھے اور اب تک وہیں مقیم ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More