The Pakistan Post
Daily News Publishing Portal

وزیراعلی سندھ نے سائٹ کراچی کی سڑکوں کی تعمیر نو کیلئے 1.37 بلین روپے کی منظوری دیدی

10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – این این آئی۔ 14 ستمبر2020ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ (ایس آئی ٹی ای)لمیٹڈ کراچی کی تمام خستہ حال سڑکوں کی تعمیر نو کیلئے 1.37 بلین روپے کی منظوری دے دی ہے اور پراپرٹی ٹیکس کی وصولی سائیٹ لمیٹڈ کو منتقل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ انہوں نے وزیراعلی ہاس میں قاسم سراج تیلی کی سربراہی میں سائیٹ ایسوسی ایشن کے وفد کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں کیا۔ وفد کے دیگر ممبران میں زبیر موتی والا، سلیمان چاولا، فرحان اشرفی، جاوید بلوانی، سلیم پاریک، عبدالہادی، عبد الرشید شامل تھے جبکہ حکومت کی جانب سے صوبائی وزرا سعید غنی، جام اکرام، ناصر شاہ، مشیر قانون مرتضی وہاب، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو اور سکریٹری صنعت نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

صنعت کاروں نے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ سائٹ، کراچی کی سڑکوں کی حالت پہلے ہی خستہ حال تھی اور حالیہ شدید بارشوں سے وہ مزید تباہ ہوگئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت سڑکیں استعمال کے قابل نہیں ہیں اور تیار شدہ سامان کی نقل و حمل ایک مشکل کام بن گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ سائٹ لمیٹڈ کی مالی حالت غیر یقینی ہے کیونکہ اس پر ضرورت سے زیادہ دبا ہے۔ وزیر صنعت جام اکرام نے اس بیان کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ سائٹ کیلئے 450 ملازمین کی ضرورت ہے لیکن 1500 ملازمین کا بوجھ برداشت کر رہا ہے لہذا مقامی طور پر حاصل ہونے والی رقوم کو تنخواہوں اور پنشنوں پر استعمال کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ سمال انڈسٹریز کو بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنرل مشرف کے دور میں غیر معمولی بھرتیاں کی گئیں۔ سائٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ سائیٹ ایریا کے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی سائیٹ لمیٹڈ کو دی جائے تاکہ مقامی طور پر حاصل ہونے والی رقوم کو سائٹ کے علاقے کی ترقی پر استعمال کیا جاسکے۔ وزیراعلی سندھ نے سائٹ ایسوسی ایشن کی بات سننے کے بعد کہا کہ انکی حکومت کراچی میگا پروجیکٹ کے تحت تمام سڑکوں کی تعمیر نو کرے گی۔ انہوں نے سائٹ کراچی کی خستہ حال سڑکوں کی تعمیر نو کیلئے 1.37 ارب روپے کی رقم کی منظوری دی اور محکمہ صنعت کو ہدایت کی کہ وہ اس منصوبے کا پی سی 1 تیار کرے اور اسے منظوری کیلئے پی اینڈ ڈی میں پیش کرے۔ انہوں نے وزیر بلدیات سید ناصر شاہ کو ہدایت کی کہ وہ سائیٹ کی سڑکوں کی بحالی کا کام کراچی میگا پروجیکٹ ٹیم کو تفویض کرے لیکن صنعتکاروں کی ایک کمیٹی اس تعمیراتی کام کی نگرانی کرے گی جس کیلئے سائٹ ایسوسی ایشن ناموں کی سفارش کرے گی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ نہ صرف سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے گا بلکہ سڑکوں کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کا نظام بھی تیار کیا جائے تاکہ بارش کے پانی کی خودبخود نکاسی ہوسکے۔ سائٹ ایسوسی ایشن کی درخواست پر وزیراعلی سندھ نے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی سائیٹ لمیٹڈ کے حوالے کرنے پر اصولی طور پر اتفاق کیا تاکہ وہ نہ صرف وصولی کو بڑھا سکیں بلکہ اس کے بعد حاصل ہونے والی رقم کو سائٹ کی ترقی پر استعمال بھی کریں۔ وزیراعلی سندھ نے مشیر قانون مرتضی وہاب کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی واپس لینے کیلئے قانونی منصوبے پر عمل کریں اور اسے سائٹ لمیٹڈ کے حوالے کردیں۔ وزیراعلی سندھ نے وزیر صنعت جام اکرام کو ہدایت کی کہ وہ سائیٹ لمیٹڈ کو بحال کریں اور اسے ایک متحرک تنظیم بنائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More