The Pakistan Post
Daily News Publishing Portal

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پنجاب میں امن وامان، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، فلاحی منصوبوں کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس ،وزیراعظم کا بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتیوں … مزید

17

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 15 ستمبر2020ء) وزیراعظم عمران خان نے بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتیوں کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ خاتون زیادتی کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور مجرموں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ وزیراعظم نے نشہ آور مصنوعات فروخت کرنے والے عناصر اور قبضہ مافیا کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اشیاء ضروریہ خصوصاً گندم کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ وہ منگل کو لاہور میں صوبہ پنجاب میں امن وامان، اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور ان کی قیمتوں اور فلاحی منصوبوں کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء شفقت محمود، فیصل واوڈا، مشیر وزیراعظم شہزاد اکبر، سینیٹر فیصل جاوید، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزراء محمد بشارت راجہ، فیاض الحسن چوہان، مخدوم ہاشم جواں بخت، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس پنجاب اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق وزیراعظم کو صوبہ پنجاب میں امن و امان، اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور ان کی قیمتوں اور فلاحی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آئی جی پولیس کی جانب سے سنگین جرائم بشمول قتل، اغوا، بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتیوں، نشہ آور اشیاء کی فروخت، جوئے، قبضہ مافیا اور عمومی امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو خاتون زیادتی کیس میں پیشرفت پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے اس کیس کو منطقی انجام اور مجرموں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا۔ اجلاس میں ملک بھر میں ایک ایمرجنسی نمبر نافذ کرنے اور جرائم کا سنٹرل ڈیٹابیس قائم کرنے پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتیوں کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے نشہ آور مصنوعات فروخت کرنے والے عناصراور قبضہ مافیا کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔ انہوں نے صوبائی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اشیاء ضروریہ خصوصاً گندم کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم کو پناہ گاہوں اور لنگر خانوں کے حوالہ سے بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عوامی سہولیات کی فراہمی کا مقصد غرباء اور نادار افراد کی خدمت کرنا ہے۔ وزیراعظم نے خصوصی تاکید کی کہ پناہ گاہوں اور لنگر خانوں میں آنے والے افراد کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے اور دیہاڑی دار طبقہ پر خاص توجہ دی جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ضرورت کے پیش نظر مزید پناہ گاہوں اور لنگر خانوں کا قیام عمل میں لایا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انصاف، تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی اور بنیادی سطح پر عوام کو بااختیار بنانا اور ان کو نمائندگی دینے سے ہی بہتر طرز حکومت اور عوامی خدمت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ فلاحی ریاست کی طرف سفر ہی قوم کی خوشحالی کا سفر ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More