The Pakistan Post
Daily News Publishing Portal

نواز شریف بیرون ملک بیٹھ کر بھارت کی زبان بول رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے صرف ن لیگی قائد کے بیانیے کا جواب دیا ہے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسدعمر

38

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 18 اکتوبر2020ء) : وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ نواز شریف بیرون ملک بیٹھ کر بھارت کی زبان بول رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے صرف ن لیگی قائد کے بیانیے کا جواب دیا ہے، یہ کسی ایک شخص کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی بات ہے اسلئے جواب دینا لازمی تھا، وزیراعظم عمران خان سب سے زیادہ مہنگائی، بجلی اور گیس سمیت دیگر عوامی مسائل پر بات کرتے ہیں اور وہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے پورا ہفتہ دن رات کوشش کر رہے ہیں۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا کی معیشتیں بیٹھ گئیں، امریکہ جیسے ملک کو تین ٹریلین ڈالر خسارہ ہوا جبکہ بھارت کو گزشتہ 50 سال میں سب سے زیادہ معاشی نقصان اٹھانا پڑا، مہلک وبا کے دوران پاکستانی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کی وجہ سے دوسرے ممالک کے مقابلے میں پاکستان کی معیشت بہتر رہی اور عالمی ادارے بھی اس کی تعریف کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اسد عمر نے کہا کہ بلاشبہ ملک میں مہنگائی ہے تاہم مہنگائی کی وجوہات بھی دیکھنی چاہیے، اس وقت عالمی سطح پر دالوں اور خوردنی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کا اثر پاکستان میں بھی پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چینی مافیا کے خلاف کارروائی کر رہی ہے، امید ہے کہ اگلے چند ماہ میں چینی کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے اپنے ادوار میں کسی سیاسی رہنما کو پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے، یہ پہلی حکومت ہے کہ اس کے دور میں قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں سیاسی رہنمائوں کو پروڈکشن آرڈر ملے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں کورونا وائرس کی دوسری لہر آئی ہوئی ہے، حفاظتی تدابیر پر عمل نہ کیا گیا تو وبا پھیلنے کا خدشہ ہو گا، میری تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ وہ بڑے اجتماع سے گریز کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More