The Pakistan Post
Daily News Publishing Portal

نوازشریف اور شہبازشریف کا ملکی سیاست میں کوئی مستقبل نظر نہیں آ رہا، ،پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے

18

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 17 اکتوبر2020ء) : پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے فرخ حبیب نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، دونوں کا ملکی سیاست میں کوئی مستقبل نظر نہیں آ رہا، دونوں لیگی قائدین کا صرف ایک ہی مقصد ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے اقتدار میں آ جائیں تاکہ لوٹی ہوئی غیرقانونی دولت کا تحفظ کر سکیں، عوام کبھی بدعنوان عناصر کو دوبارہ قومی خزانے کو لوٹنے کا موقع نہیں دیں گے، نواز شریف اور شہباز شریف نے جو لوٹ کھسوٹ کی ہے، دونوں اپنے منطقی انجام تک پہنچیں گے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے علاج کے نام پر پوری قوم کو دھوکہ دیا ہے، انہیں لندن گئے ہوئے کافی وقت گزر گیا ہے لیکن ابھی تک کوئی علاج نہیں کرایا، نواز شریف پر کرپشن ثابت ہو چکی ہے وہ سزا یافتہ مجرم ہیں، عدالت نے انہیں مفرور و اشتہاری قرار دیا ہے، حکومت انہیں ہر صورت واپس لائے گی۔

(جاری ہے)

فرخ حبیب نے کہا کہ تین مرتبہ ملک کا وزیراعظم رہنے والا شخص جب لوگوں کو اپنے ہی اداروں کے خلاف اکسانے اور پاک فوج کو کمزور کرنے کی بات کرے گا تو سوالات اٹھیں گے، حکومت کسی کو بھی قومی اداروں کے خلاف وار کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے گوجرانوالہ جلسے میں جو تقریر کی وہ بھارت کا سکرپٹ تھا، انہوں نے اپنی تقریر میں کہیں بھی کشمیر کا ذکر نہیں کیا، سابق وزیراعظم کے ساتھ کسطرح کا سلوک کرنا چاہیے اس کا فیصلہ قوم کرے گی۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے نے کہا کہ نواز شریف کی ہر آرمی چیف کے ساتھ لڑائی رہی ہے کیونکہ ان کا اصل مسئلہ یہ ہے کہ ادارے ان کے ذاتی ملازم بن جائیں، وہ لوٹ کھسوٹ کریں اور کوئی احتساب نہ ہو، ایسا اب نہیں ہو گا، نواز شریف اور شہباز شریف اپنے منطقی انجام تک پہنچیں گے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو ڈی آئی خان کے لوگوں نے مسترد کیا، وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے مختلف حکومتوں کا حصہ رہے ہیں لیکن یہ پہلی حکومت ہے جس میں وہ شامل نہیں اسلئے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، آج اگر وزیراعظم عمران خان انہیں کشمیر کمیٹی کا چیئرمین بنا دیں تو وہ تحریک ختم کر دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن صرف این آر او لینے کیلئے جلسے جلوسوں کا ڈرامہ رچا رہی ہے لیکن وزیراعظم عمران خان کسی صورت میں بدعنوان ٹولے کا ریلیف نہیں دیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More