The Pakistan Post
Daily News Publishing Portal

موٹر وے واقعہ کا ملزم شفقت شناخت پریڈ کیلئے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

8

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 15 ستمبر2020ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر دوران ڈکیتی خاتون سے زیادتی کے ملزم شفقت کو شناخت پریڈ کی غرض سے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا۔ عدالت نے پراسیکیوشن کی ملزم کی شناخت پریڈ کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کو جیل منتقل کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ملزم کی شناخت پریڈ کیلئے خصوصی انتظامات کیے جائیں اورملزم کو دوسرے ملزموں کیساتھ نہ رکھا جائے۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالتی سماعت پر ملزم شفقت کو بکتر بند گاڑی میں لایا گیا۔تھانہ گجر پورہ پولیس نے ملزم کے منہ پر کپڑا ڈال کر عدالت کے روبرو پیش کیا ۔تفتیشی افسر انسپکٹر ذوالفقار نے ملزم کا ریکارڈ پیش کیا اور عدالت کو بتایا کہ ملزم کا ڈی این اے ٹیسٹ میچ کر گیا ہے، تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ ملزم شفقت علی عرف بگا کی شناخت پریڈ کروانی ہے جس کے لیے ملزم کو فی الحال جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جائے جبکہ پراسیکیوٹر نے بھی استدعا کی کہ ملزم کی شناخت پریڈ کروانی ہے،لہذا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر ملزم کو 29 ستمبر دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ قبل ازیں ملزم کو جب انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج کی عدم دستیابی کے باعث سیشن عدالت میں پیش کیا گیا تو اس کیس میں 376 اور 392 کی دفعات کے ساتھ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 7 شامل کی گئی تھیں، جس پر ایڈیشنل سیشن جج نے 7 اے ٹی اے ی دفعہ لگنے کے باعث مقدمہ سماعت کو انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت کا دائرہ اختیار قرار دیتے ہوئے سماعت سے معذوری ظاہر کردی اور تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ ضابطہ فوجداری کی رو سے مقدمہ میں انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 7 شامل ہونے کے بعد ملزم کو انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے، جس کے بعد پولیس نے ملزم شفقت کو سخت سیکیورٹی میں انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More