The Pakistan Post
Daily News Publishing Portal

مریض کے محفوظ علاج میں ہی ڈاکٹرکی جیت ہے، حفاظتی تدابیر اپناکر قیمتی جانیں بچائی جاسکتی ہیں، پنجاب میں مریضوں کے ساتھ ہیلتھ ورکرزکیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں، ڈاکٹریاسمین … مزید

8

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 17 ستمبر2020ء) آج کا دن ہمیں مریضوں کے محفوظ علاج کا پیغام دیتاہے، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی سے گریجوایٹ ہونے پرفخرہے،مریض کے محفوظ علاج میں ہی ڈاکٹرکی جیت ہے، ان خیالات کا اظہار وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد نے جمعرات کے روز فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں ورلڈ پیشنٹ سیفٹی ڈے کی مناسبت سے منعقد ہ سیمینار میں بطورمہمان خصوصی شرکت کے موقع پر کیا۔اس موقع پروائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرعامرزمان خان،ڈاکٹرحسین جعفری اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹرجمشیدسمیت طالبات و فیکلٹی ممبران موجودتھے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ ہر سال پوری دنیا میں محفوظ علاج نہ ہونے کے باعث لاکھوں مریضوں کا انتقال ہوجاتاہے،ہسپتال میں مریض کا علاج سب سے پہلے ڈاکٹرکی شائستہ گفتگوسے شروع ہوتاہے،ڈاکٹر کو مریضوں کا علاج کرتے ہوئے ہمیشہ حفاظتی تدابیرکواپناناچاہئے،ڈاکٹرز کے ہاتھوں کسی مریض کے نقصان کاسوال ہی نہیں پیداہوتا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ مریض کے علاج کے دوران احتیاط سے قیمتی جانیں بچائی جاسکتی ہیں،بطورڈاکٹرز مریضوں کے محفوظ علاج کی ہمارے کندھوں پربھاری ذمہ داری ہے۔ڈاکٹریاسمین راشد نے ورلڈپیشنٹ سیفٹی ڈے کاآگاہی سیمینارمنعقدکروانے پر انتظامیہ کو مبارکباد دی اور کوروناوائرس کے دوران مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز،نرسزاور پیرامیڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کیا۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ ڈاکٹرز،نرسزاور پیرامیڈیکل سٹاف نے کوروناوائرس کے دوران مثالی فرائض سرانجام دئیے،پنجاب میں مریضوں کے ساتھ ساتھ ہیلتھ ورکرز کی حفاظت کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹرحسین جعفری نے ورلڈ پیشنٹ سیفٹی ڈے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور وزیر صحت کی آمد پر شکریہ اداکیا۔انہوںنے کہاکہ دنیامیں ہربیس سیکنڈ بعدایک مریض جان کی بازی ہارجاتاہے،صوبائی وزیر صحت کی زیرنگرانی سرکاری ہسپتالوں میں پیشنٹ سیفٹی کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹرجمشیدنے ورلڈ پیشنٹ سیفٹی ڈے کے حوالہ سے بہترین سیمینارمنعقد کروانے پر مبارکباددی اورصوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدکی صحت کے شعبہ میں عام آدمی کوسہولیات فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔سیمینارکے اختتام پر عالمی ادارہ صحت کی جانب سے بہترین خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹرز،نرسزاور پیرامیڈیکل سٹاف کے درمیان تعریفی اسنادتقسیم کی گئیں۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے سیمینارکے آخر میں ورلڈ پیشنٹ سیفٹی ڈے کی مناسبت سے واک کی قیادت بھی کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More