The Pakistan Post
Daily News Publishing Portal

محمد علی جناح یونیورسٹی میں تعلیم کے ساتھ طلبہ کے وژن کو بھی وسیع کیا جاتاہے،ڈاکٹر زبیر شیخ

16

پیر ستمبر
18:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – این این آئی۔ 14 ستمبر2020ء) محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی(ماجو) میں چھ ماہ کے تعطل کے بعد ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی فراہم کردہ گائیڈ لائینز کی روشنی میں تعلیمی سرگرمیاں آج سے بحال ہورہی ہیں جس کے تحت یونیورسٹی میں کلاسز کا آغاز دومرحلوں میں کیا جائے گا ۔پہلے مرحلہ میں 15ستمبر سے بزنس ایڈمنسٹریشن، لائیف سائینسز اور انجینئرنگ فیکلٹیز کے انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ ڈگری پروگراموں کی کلاسز شروع کی جائینگی جبکہ دوسرے مرحلہ میں یکم اکتوبر سے فیکلٹی آف کمپیوٹنگ کی کلاسز کا آغاز کیا جائے گا۔دریں اثنا یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے ماجو میں نئے سیمسٹر فال۔20کے آغاز پر گزشتہ روز نئے طلبہ کے خیر مقدم کے لئے منعقد ہونے والے تعارفی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم طلبہ کو اچھی تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے وژن کو وسیع کرنے پر بھی خصوصی توجہ دیتے ہیں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ صرف ڈگریاں تقسیم کرنا ہی یونیورسٹی کی ذمہ داری نہیں ہوتی ہے بلکہ ان کا کام معاشرہ کے لئے باصلاحیت افراد فراہم کرنا بھی ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19کے بحران کے نتیجہ میں اب ہم ایک نئی دنیا کا سامنا کررہے ہیں جس میں اب ہم ایک نئی ایس او پیز کے ساتھ تعلیمی سرگرمیاں شروع کررہے ہیں،اسی طرح ہمارے سماجی ڈھانچہ اور کاروبار کے شعبہ میں نت نئی تبدیلیاں سامنے آرہی ہیں۔انہوں نے ماجو میں آنے والے طلبہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہماری یونیورسٹی میں بلا کسی تفریق کے تمام طلبہ کو یکساں سہولتیں فراہم کی جاتی ہے اور 40فیصد طلبہ کو اسکالرشپ اور مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ بغیر کسی دشواری کے اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد شہر میں ہونے والی تباہ کاری نے ہمیں بہت کچھ سوچنے پر مجبور کردیا ہے اس لیئے ہم نے ایک نیا ڈگری پروگرام بی ایس۔اکنامکس اینڈ پالسی ڈیویلپمنٹ شروع کیا ہے تاکہ منصوبہ بندی کرنے والے محکموں کو باصلاحیت افرادی قوت فراہم کی جاسکے۔یونیورسٹی کے ایک ترجمان کے مطابق تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کے بعد ہر طالب علم کے لیئے ماسک پہن کر آنا لازمی ہوگا، طالب علموں کے لئے ہینڈ سینیٹائیز اور سینیٹائز بکس لگائے گئے ہیں، کلاسز کے دوران سماجی فاصلہ کا خیال رکھا جائے گا اور یونیورسٹی کی حدود میں محدود نقل و حرکت کی اجازت ہوگی۔ترجمان کے مطابق ایچ ای سی کی ہدایات کے مطابق غیرنصابی سرگرمیاں فی الحال معطل رہیں گی اس کے علاوہ فزیکل کلاسز کے ساتھ ساتھ آن لائن کلاسز کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More