The Pakistan Post
Daily News Publishing Portal

طلبا کی موج مستیاں ختم، صوبائی دارلحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وائرس کے باعث 6 ماہ سے بند تعلیمی ادارے کھل گئے

11

منگل ستمبر
22:50

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 15 ستمبر2020ء) طلبا کی موج مستیاں ختم، صوبائی دارلحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وائرس کے باعث 6 ماہ سے بند تعلیمی ادارے کھل گئے، اساتذہ کی جانب سے طالب علموں کو خوش آمدید کہا گیا۔ حکومت کی طرف سے بنائے گئے ایس او پیز کے مطابق پہلے مرحلے میں میٹرک کلاسز، انٹرمیڈیٹ اور یونیورسٹیز میں تدریسی عمل شروع کردیا گیا، تعلیمی اداروں میں کورونا سے بچاؤ کے لیے سپرے بھی کیاگیا،کلاسز کا آغاز ساڑھے 7 بجے ہوا، چھٹی 1 بجے دوپہر کو ہو گی، پہلے روز بچوں کا ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا، اکثر طلبا خوش اور کچھ اٴْداس دکھائی دیئے، والدین نے بھی تعلیمی سرگرمیاں بحال ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔سپیشل سیکرٹری سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب سہیل شہزاد نے اے پی پی کو بتایا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ایس او پیز کے مطابق ایک دن سکول آنے والا بچہ اگلے دن چھٹی پر ہوگا، کورونا کے باعث بچوں کے بیٹھنے میں 3 فٹ کا فاصلہ ہوگا، پرائمری، مڈل سکولوں میں طالب علموں کوآ نے کی اجازت نہیں، پرائمری، مڈل اور ہائی سکولز میں اساتذہ کی مکمل حاضری ہوگی۔

(جاری ہے)

این سی او سی کے مطابق دوسرے مرحلے میں 23 ستمبر سے چھٹی سے 8 ویں جماعت تک کلاسز شروع ہوں گی، 30 ستمبر سے نرسری سے جماعت پنجم تک کلاسز کا آغاز ہو گا، طلبہ وطالبات کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا، گروپ اے کی کلاسزسوموار، بدھ، جمعہ کو ہوں گی، گروپ بی کی کلاسز منگل، جمعرات اور ہفتہ کو ہوں گی۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر عمل ہو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں سکولوں کا دورہ کریں گی اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے تعلیمی اداروں کو ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی ہدایت کی ہے، اس دوران ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنیوالے سکولوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More