The Pakistan Post
Daily News Publishing Portal

صوبائی حکومت مذہبی اقلیتوں کو در پیش مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے، مذہبی اقلیتوں کی آبادیوں میں ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کیلئے کام کی رفتار تیز کی گئی … مزید

4

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 15 ستمبر2020ء) صوبائی وزیرانسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مذہبی اقلیتوں کو در پیش مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے جبکہ مسیحی آبادیوں میں ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کیلئے کام کی رفتار تیز کی گئی ہے اور گرجا گھروںکی سکیورٹی اور تزئین و آرائش کا جامع پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل کونسل ہال ساہیوال میں مسیحی افراد میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بابر بشیر کے علاوہ مذہبی اقلیتی نمائندوں اور تحریک انصاف کے مقامی رہنماء بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے مذہبی اقلیتی افراد کیلئے امدادی رقم 2کروڑ سے بڑھا کر 6کروڑ روپے کر دی ہے جس سے اب ہر ضرورت مند کو 5ہزار روپے کی بجائے 10ہزار روپے فی کس دیئے جار ہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں کہاکہ وزیر اعظم عمران خان مذہبی اقلیتوں کو مکمل حقوق دینے،ان کو مذہبی آزادی فراہم کرنے اور مسائل حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں جس کی بدولت کرسمس کو پہلی دفعہ سرکاری سطح پر منایا گیا،سکھ برادری کیلئے کرتار پور گوردوارہ کھولا گیا اور اب اسی طرز پر مریم آباد کی زیارت گاہ کو بھی کھولا جا رہا ہے تاکہ بیرونی ممالک سے مسیحی افراد اس کی زیارت کر سکیں۔ اعجاز عالم آگسیٹن نے کہا کہ ضلع ساہیوال کے 171مسیحی افراد کو 10ہزار روپے فی کس کے چیک دیئے جا رہے ہیںجن میں 111کا تعلق ساہیوال اور 60کا تعلق تحصیل چیچہ وطنی سے ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہاکہ ضلع بھر کے گرجا گھروں کی سکیورٹی بہتر بنانے اور تزئین و آرائش کیلئے 4کروڑ روپے کے خصوصی فنڈز جار ی کر دیئے گئے ہیں جن پر کام کا جلد آغاز ہو گا جبکہ صوبائی حکومت کی دلچسپی سے صوبے کی بڑی مسیحی آبادیوں کو ماڈل آبادیاں بنایا جا رہا ہے جہاں زندگی کی تمام شہری سہولیات دستیاب ہونگی اور پہلے مرحلے میں لاہور کی بڑی مسیحی آبادی یوحنا آباد میں 30کروڑ روپے سے ترقیاتی کام جاری ہیں۔انہو ں نے مسیحی برادری کو یقین دلایا کہ تحریک انصاف کی حکومت اقلیتوں کے مسائل سنجیدگی سے حل کر رہی ہے اور ان کی زندگیوں میں آسانی لانے کیلئے متعدد منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچائے جا رہے ہیں۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے مستحقین میں امداد ی چیک بھی تقسیم کئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More