The Pakistan Post
Daily News Publishing Portal

صرف 13 فیصد آبادی کی نمائندگی کرنے والے امیر ممالک نے فراہمی سے قبل ہی کورونا وائرس کا نصف سٹاک خرید لیا، … غریب ممالک کا ویکسین سے محروم رہ جانے کا خدشہ

11

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 17 ستمبر2020ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین کی ہفتوں میں عوام کو دستیابی کے بیان کے بعد عالمی آبادی کے صرف 13 فیصد حصے کی نمائندگی کرنے والے امیر ممالک نے کورونا وائرس کی ویکسین کی فراہمی سے پہلے ہی نصف سے زیادہ سٹاک خرید لیا۔ تاہم یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس اقدام سے غریب ممالک کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین سے محروم رہ جائیں گے جس کے باعث ان ممالک میں انسانی زندگیوں کو خطرہ درپیش ہو سکتا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی تنظیم اوکسفیم امریکہ کے مطالعے کے مطابق امیر ممالک نے کورونا ویکسین کی دستیابی سے پہلے ہی اس کا خاطرخواہ یعنی 51 فیصد ذخیرہ خرید لیا ہے۔

(جاری ہے)

اوکسفیم امریکہ کے رابرٹ سلورمین نے بتایا کہ کورونا ویکسین کی دستیابی کا تعلق اس بات سے نہیں ہونا چاہیے کہ یہ کون سا ملک ہے اور اس کے پاس ویکسین خیدنے کی صلاحیت ہے یا نہیں بلکہ ویکسین کی آسان اور ارزاں نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ غریب ممالک ویکسین سے مستفید ہو سکیں۔

اوکسفیم کے مطابق ویکسین بنانے والی 5 اہم کمپنیاں اپنی بنائی گئی ویکسینز کے کلینیکل ٹرائلز کا آخری مرحلہ کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد تقریباً3 بلین افراد کے لیے 5.9 بلین خوراکیں فراہم کریں گی جن میں امیر ممالک میں امریکہ، برطانیہ، یورپی یونین، آسٹریلیا، ہانگ کانگ اور مکائو، سوئٹزرلینڈ، اسرائیل اور دیگر شامل ہیں جبکہ دیگر 2.6 بلین خوارکیں ترقی پزیر ممالک بھارت، برازیل، میکسیکو، چین، بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور دیگر ممالک جن کی آبادی امیر ممالک کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے کو 2.6 بلین خوراکیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے یا وہ ان کمپنیوں سے ویکسینز خریدیں گے۔ دوسری جانب یورپین کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیان نے کہا ہے کہ یورپ کورونا وائرس کی ویکسین خریدنے کی صورت میں کثیرالجہتی تنظیموں جیسے عالمی ادارہ صحت کی مدد کرے گا جو مزید مساوی طریقے سے غریب ممالک کو ویکیسن کی فراہمی یقینی بنائے گا کیونکہ امیر ممالک یعنی ہم میں سے کوئی ملک بھی اس وقت تک کورونا وائرس سے محفوظ نہیں ہو سکتا جب تک تمام ممالک اس وبا سے محفوظ نہیں ہو جاتے لہذا ہمیں غریب ممالک کے لیے کورونا ویکسین کی دستیابی میں تعاون کرنا ہو گا بصورت دیگر ان ممالک میں انسانی جانوں کو خطرہ درپیش ہو سکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More