The Pakistan Post
Daily News Publishing Portal

سپریم کورٹ نے ذہنی بیماریوں میں مبتلا سزائے موت کے چار مجرمان کی پھانسی رکوانے کیلئے نظر ثانی درخواستوں پر سماعت ملتوی کر دی

10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 17 ستمبر2020ء) سپریم کورٹ نے ذہنی بیماریوں میں مبتلا سزائے موت کے چار مجرمان کی پھانسی رکوانے کیلئے دائر نظر ثانی درخواستوں پر سماعت 21 ستمبر (پیر) تک ملتوی کر دی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے وفاق اور پنجاب حکومت سے سرکاری ہسپتالوں کے نفسیاتی امراض کے معالجین و ماہر نفسیات کی فہرست طلب کر لی ہے۔ جمعرات کو جسٹس منظور احمد ملک کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے سپریم کورٹ میں ذہنی بیماریوں میں مبتلا سزائے موت کے چار مجرمان کی پھانسی رکوانے سے متعلق دائر نظر ثانی درخواستوں پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران جسٹس منظور ملک نے استفسار کیا کہ کل کتنے لوگوں کا کیس ہی جس پر پراسیکوٹیرجنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ چار ذہنی معذور افراد کا معاملہ ہے جن میں سے خضر حیات فوت ہو چکا ہے، کنیزاں بی بی,امداد علی اور غلام عباس کے کیسز زیر التوا ہیں۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران جسٹس منظور احمد ملک نے ریمارکس دیئے کہ غلام عباس کی تو میڈیکل رپورٹ ہی جمع نہیں کرائی گئی، میرے کیریئر کا یہ پہلا کیس ہے جس میں سرکار نے پھانسی روکنے کیلئے نظرثانی درخواست دائر کی۔

سپریم کورٹ نے سزائے موت کے مجرم خضر حیات کی اپیل جیل میں انتقال کرنے کے سبب نمٹا دی ہے۔ سپریم کورٹ نے کنیزاں بی بی کیس میں معاونت کیلئے نفسیاتی امراض کے ماہر بریگیڈیئر (ر) معدد حسین اور ایڈووکیٹ حیدر رسول مرزا کو معاون مقرر کر دیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے مجرم امداد علی کی پھانسی روکنے کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے دائر اپیل ابتدائی سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے مجرم امداد علی کی پھانسی پر عملدرآمد روک دیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے مجرم امداد علی کی پھانسی روکنے کا حکم اس کی ذہنی معذوری کی بنیاد پر جاری کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے مجرم غلام عباس کی میڈیکل تفصیلات اور ڈاکٹرز کے نام بھی طلب کر لئے ہیں۔ عدالت عظمیٰ نے وفاق اور پنجاب حکومت سے سرکاری ہسپتالوں کے نفسیاتی امراض کے معالجین و ماہر نفسیات کی فہرست طلب کر لی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے تفصیلی رپورٹس طلب کرتے ہوئے قرار دیا یے کہ ہم تمام فریقین کو مکمل سن کر فیصلہ کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More