The Pakistan Post
Daily News Publishing Portal

سٹیٹ بینک بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے وطن سے مالی طور پر منسلک رہنے میں سہولت دینے کیلئے پرعزم ہے، ڈاکٹر رضا باقر … گورنر سٹیٹ بینک کا امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے … مزید

7

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 17 ستمبر2020ء) گورنر بینک دولت پاکستان ڈاکٹر رضا باقر نے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے وطن سے مالی طور پر منسلک رہنے میں سہولت دینے کے لئے پرعزم ہے۔ جمعرات کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ، ان خیالات کا اظہار واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے منعقدہ ایک ویبنار میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ویبنار میں واشنگٹن ڈی سی، نیویارک، شکاگو، لاس اینجلز کے علاوہ امریکہ کی بعض دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی امریکن کمیونٹی کے ممتاز اراکین اور اہم کمیونٹی تنظیموں اور کاروباری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔سامعین کو معیشت کی کیفیت کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ سٹیٹ بینک اور حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی عالمی وبا پھیلنے سے قبل کئے گئے بھر پوراقدامات سے نئی حکومت کو ورثے میں ملنے والے ادائیگیوں کے توازن کا بحران حل کرنے میں مد د ملی تھی۔

(جاری ہے)

ان جرات مندانہ اقدامات نے معیشت کو مضبوط قدموں پر کھڑا کر دیا تھا اور اس وباء کے خلاف جنگ کے لئے درکار پالیسی اقدامات کی گنجائش فراہم کرنے میں معاونت کی۔ انہوں نے وباء کے دوران سٹیٹ بینک اور حکومت کی جانب سے کئے گئے بعض اقدامات پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے معاشی سرگرمی کے حالیہ آغاز کے بارے میں اعتماد کا اظہار کیا کیونکہ حکومت کے ٹھوس اقدامات کی بدولت کورونا وائرس کے کیسوں میں خاصی کمی آئی ہے اور ملک میں لاک ڈائون میں نرمی کر دی گئی ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آگے چل کر معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہو گی جس پر چلتے ہوئے اس نے وباء سے قبل مضبوط ترقی کی تھی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولتیں دینے کے لئے سٹیٹ بینک کی کوششوں کی تفصیل بتاتے ہوئے ڈاکٹر رضا باقر نے کہا کہ سٹیٹ بینک کی توجہ اس بات پر ہے کہ ان پاکستانیوں کو ڈجیٹل ذرائع سے ایک محفوظ اور کارگر مالی نظام فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک ایک ایسے ڈیجیٹل مالی ایکوسسٹم کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے جس کی اہم خصوصیت ملک میں ادائیگی اور بینکاری کے کارگر اور محفوظ نظام کا قیام ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک اور حکومت پاکستان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مزید سہولتیں دینے کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں جن کے تحت پاکستان کی فنانشیل مارکیٹوں تک ان کی رسائی بڑھائی جائے گی۔ خصوصاً بینک دولت پاکستان ملکی ترسیلات زر کی سہولتوں، پاکستان کی سرمایہ مارکیٹوں، صنعت، ریئل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری بڑھانے اور بیرون ملک پاکستانیوں کی لائف اسٹائل کی ضروریات پوری کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ اس پس منظر میں وہ وزیراعظم کی جانب سے حال ہی میں شروع کئے گئے روشن ڈجیٹل اکائونٹ کے حوالے سے بہت پرجوش تھے۔اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر (پالیسی)ڈاکٹر مرتضی سید نے روشن ڈجیٹل اکائونٹس کے بارے میں شرکاء کو تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی بینکاری کی تاریخ میں پہلی بار پاکستانی تارکین وطن کو یہ موقع دیا گیا ہے کہ وہ دور رہ کر بھی صرف ڈجیٹل ذرائع سے کسی بینک یا سفارتخانے یا پا کستانی قونصلیٹ آفس جائے بغیر پاکستان میں اکائونٹ کھول سکتے ہیں، ابتدائی طور پر یہ سہولت 8 پاکستانی بینکوں کے ذریعے شروع کی گئی ہے، سٹیٹ بینک مستقبل میں اس فہرست میں دیگر بینکوں کو شامل کرتا رہے گا۔ ڈپٹی گورنر نے بتایا کہ روشن ڈجیٹل اکائونٹس پاکستانی روپے اور متعدد دیگر غیر ملکی کرنسیوں میں کھولے جا سکتے ہیں، یہ ڈجیٹل ذرائع سے اکائونٹ ہولڈرز کو مکمل لائف اسٹائل بینکنگ سلوشن فراہم کرتے ہیں، روشن ڈجیٹل اکائونٹس کو حکومت پاکستان کی سیکورٹیز میں سرمایہ کاری کے لئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، جن میں حال میں متعارف کرائے جانے والے نیا پاکستان سرٹیفکیٹس بھی شامل ہیں جو ڈالر اور روپے میں پرکشش منافع کی پیشکش کرتے ہیں اور شریعت سے ہم آہنگ صورت میں بھی دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ یہ اکائونٹس پاکستان اسٹاک ایکسچینج، بینکوں کی ڈپازٹ پروڈکٹس میں سرمایہ کاری کے لئے بھی استعمال کئے جا سکتے ہیں جبکہ ان کے ذریعے مستقبل میں ریئل اسٹیٹ میں بھی سرمایہ کاری کی جا سکے گی۔مرتضی سید نے مزید بتایا کہ روشن ڈجیٹل اکائونٹ کو پاکستان اور بیرون ملک میں ادائیگیوں اور رقوم نکلوانے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ان اکائونٹس میں ڈس انویسٹمنٹ آمدنیوں سمیت دستیاب رقوم کسی ریگولیٹری یا بینک کی منظوری کے بغیر منتقل کی جا سکیں گی۔ انہوں نے شریک افراد پر زور دیا کہ وہ اپنے بیرون ملک مقیم دوستوں اور اہل خانہ کو اس کے بارے میں بتائیں کہ وہ اس اقدام سے متعلق سرکاری ویب سائٹ http://www.sbp.org.pk/RDA/index.html کا وزٹ کریں اور وہ اسٹیٹ بینک کو اپنے فیڈ بیک اور درپیش مسائل کے حوالے سیRDASupport@sbp.org.pk.پر ای میل کریں۔ ڈاکٹر سید نے زور دیا کہ یہ اکائونٹس یہ ایک نئے تعلق اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ملک کے مالی نظام سے منسلک ہونے کی شروعات ہے اور سٹیٹ بینک اس ذریعے کو مثر بنانے اور آئندہ مہینوں اور برسوں میں اسے مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے پرعزم ہے۔ قبل ازیں گورنر کو خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈاکٹر اسد ایم خان نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی خدمت کو انتہائی اہمیت دیتا ہے کیونکہ وہ پاکستان کی قومی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے بتایا کہ حکومت نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت دینے کے لیے کئی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی امریکن کمیونٹی کے اہم کردار کا ذکر کیا جو پاکستان کو ملنے والی ترسیلات میں تیسرے سب سے بڑے حصہ دار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سفارت خانہ اور امریکہ میں موجود اس کے قونصل خانے پاکستانی امریکن کمیونٹی کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہیں تاکہ ان کو ملک میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ رکھا جائے اور تعاون کی راہیں تلاش کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں آج کے ویبنار نے پاکستانی تارکین کو اسٹیٹ بینک کے گورنر اور ان کی ٹیم سے براہ راست مکالمے کا موقع فراہم کیا تاکہ اپنے خیالات ان تک پہنچائے جائیں اور جواب حاصل کئے جائیں۔ انہوں نے اس اقدام پر اور بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے وقت نکالنے پر اور انہیں حکومت کی ان کوششوں سے آگاہ کرنے پر گورنر کا شکریہ ادا کیا جن کا مقصد بیرونِ ملک رہنے والے پاکستانیوں کے لئے بینکاری لین دین آسان تر بنانا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More