The Pakistan Post
Daily News Publishing Portal

راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ماحول دوست منصوبہ ہے، ایم این اے سیدہ زہرا نقوی

10

جمعرات ستمبر
15:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 17 ستمبر2020ء) تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے کہا ہے کہ راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ کا پلان 7 سال قبل پیش کیا گیا لیکن سابق حکمران نمائشی منصوبوں پر توجہ دیتے رہے کیونکہ ان کی ترجیحات میں حقیقی تبدیلی لانے والے منصوبے شامل ہی نہیں تھے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج لاہور کی پہچان بننے والا دریائے راوی گندے نالے میں بدل چکا ہے لیکن کسی کو اس کی فکر نہیں ہے، لاہور میں زیر زمین پانی کی سطح میں خطرناک حد تک کمی آ گئی ہے لیکن ہم راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت دریائے راوی کی گزرگاہ میں 46کلو میٹر جھیل بنائیںگے، یہ ماحول دوست منصوبہ ہے، یہاں لگائے جانے والے 60لاکھ سے زائد پودے ماحولیاتی آلودگی میں واضح کمی لائیںگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پانی کے لیے بیراج اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ بنائے جائیںگے، جھیل میں بارشوں کا وہ پانی ذخیرہ کیا جائے گا جو اس سے قبل ضائع ہو جاتا تھا، جھیل بننے سے نہ صرف دریا کا ایکو سسٹم بہتر ہوگا بلکہ زیر زمین پانی کی سطح بھی بحال ہوگی، اس جھیل سے تقریباً ایک ارب لیٹر پانی زیر زمین جائے گا اور آبی بخارات کی صورت میں موسم کو خوشگوار بنانے کا سبب بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ 46کلومیٹر طویل اور ہزاروں ایکڑ پر محیط راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ میں 12 مختلف سپیشلائزڈ سٹی بنائے جائیں گے، اس پراجیکٹ میں مقامی طور پر تیار شدہ 90 فیصد میٹریل استعمال ہو گا جس سے نہ صرف مقامی صنعت کو فروغ ملے گا اور معیشت کو فائدہ پہنچے گا بلکہ روز گار کے لاکھوں نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور یہ منصوبہ مستقبل کے نئے منصوبہ سازوں کیلئے کئی دہائیوں تک ایک مثال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کے حوالے سے با اختیار اتھارٹی قائم کر دی گئی ہے اور یہ اتھارٹی اپنے قواعدوضوابط خود بنائے گی کوئی اس اتھارٹی میں مداخلت نہیں کر سکے گا۔ انہوںنے کہا کہ آئندہ 3 برس اس منصوبے پر تیزی سے کام کریں گے اور ایک نیا شہر آباد ہو گا۔

متعلقہ عنوان :

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More