The Pakistan Post
Daily News Publishing Portal

جمہوریت کے تسلسل، جمہوری رویوں کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا … ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا بھٹو فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سمینار سے خطاب

2

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 16 ستمبر2020ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ جمہوریت ہی ہمارے مسائل کا حل ہے اور ہمیں جمہوریت کے تسلسل، بقا، استحکام اور جمہوری رویوں کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بھٹو فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ایک سمینار سے شہید ذولفقار علی بھٹو انسٹیوٹ برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد میں جمہوریت کے عالمی دن کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے حصول کیلئے پارلیمان، عدلیہ اور حکومت کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جمہوریت مسلسل ایک ارتقائی عمل ہے اور ہمیں اس سلسلہ میں بین الاقوامی تجربات سے بھی استفادہ کرنا چاہئے تا کہ ملک میں جمہوریت کی جڑوں کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ماضی کی غیر جمہوری مداخلتوں نے جمہوری عمل کی راہ میں روڑے اٹکائے لیکن جمہوریت پسند سوچ اس سے مزید تقویت پکڑ گئی۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت ایک طرز زندگی ہے اور اس طرز زندگی کو اپنانے کے لئے ہمیں اپنا موثر کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوریت پسندانہ سوچ کے تحت وجود میں آیاا ور آج پاکستان دنیا کی سب سے بڑی جمہوری ریاست ہے۔ پاکستان کے ادارہ برائے پارلیمانی خدمات میں منعقدہ ایک دوسرے سمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امن، ترقی اور جمہوریت کا آپس میں قریبی تعلق ہے اور جمہوریت ہی ہمارے مسائل کا حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بدولت برداشت اور امن کو فروغ ملتا ہے اورڈائیلاگ کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جاتا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سمینار کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کی کاوشوں سے قومی سطح پر جمہوری رویوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More