The Pakistan Post
Daily News Publishing Portal

بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں فوجی کارروائیوں کے دوران متعدد افراد گرفتار … فوجی کارروائیوں،گرفتاریوں کیخلاف متعدد علاقوں میں احتجاجی مظاہرے بھارتی سیاستدان کی … مزید

10

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – این این آئی۔ 13 ستمبر2020ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج نے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر شروع کی گئی فوجی کارروائیوں کے دوران والد اور بیٹی سمیت ایک درجن سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجی کارروائیوںاور بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاریوں کے خلاف متعدد علاقوں میں لوگ گھروں سے باہرنکل آئے اوراحتجاجی مظاہرے کئے ۔ضلع پونچھ کے علاقے مینڈھر میں فوجیوں نے ایک باپ اور اس کی بیٹی کو گرفتار کرلیا۔ فوجیوں نے اسلام آباد کے علاقے وتنار کوکرناگ کا محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی لی۔ پامپور میں تحریک آزادی کے حق میں پوسٹرز چسپاں کرنے کے الزام میں چار نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ضلع پلوامہ کے علاقے کریم آباد میں چھاپوں کے دوران پانچ نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ۔

(جاری ہے)

فوجیوں نے اسی الزام میں جنوبی کشمیر کے قصبے اونتی پورہ سے بھی تین نوجوانوں کو گرفتار کیا۔دریں اثنا ء ضلع گاندربل کے علاقے کنگن میں بی جے پی رہنما کی طرف سے قبرستان میں توڑ پھوڑ کے خلاف لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کے غم وغصے کو دیکھ کر بی جے پی رہنما کو اپنے محافظوں سمیت علاقے سے فرار ہونا پڑا۔حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کی نانی کا سرینگر میں انتقال ہوگیا۔میرواعظ کی سرپرستی میں قائم حریت فورم اور انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اپنے بیانات میں میر واعظ عمر فاروق سے تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کے بلندی درجات کے لئے دعا کی ۔تحریک وحدت اسلامی نے اتوار کو بڈگام میں ایک اجلاس میں نہتے کشمیریوں پر بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ مودی کی زیرقیادت فسطائی بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں ظلم و بربریت کی تمام حدیں پارکرلی ہیں۔ بزرگ بھارتی سیاستدان اور وکیل شانتی بھوشن نے غیر قانونی طور پربھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی کھلے عام حمایت کی ہے ۔ شانتی بھوشن نے اپنے بیٹے پرشانت بھوشن کے ہمراہ نئی دہلی میں ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنا چاہیے خواہ اس کے نتیجے میں کشمیر بھارت سے علیحدگی ہی کیوں نہ اختیار کرلے ۔ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام چیئرمین محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں ایک بیان میں غیر قانونی طور پر نظربند پارٹی چیئرمین شبیر احمد شاہ کی بگڑتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کیاہے۔ جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے وائس چیئرمین سید اعجاز رحمانی نے علیل شبیر احمد شاہ اور دیگر حریت رہنماؤں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More