The Pakistan Post
Daily News Publishing Portal

اداکار یوسف خان کی 11ویں برسی اتوار(20ستمبر ) کو منائی جائے گی

10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 16 ستمبر2020ء) فلم انڈسٹری کے معروف اداکار یوسف خان کی 11ویں برسی اتوار(20ستمبر ) کو منائی جائے گی۔ یوسف خان 10 اگست 1931 کو مشرقی پنجاب کے شہر فیروز پور میں پیدا ہوئے۔1954 میں ہدایتکار اشفاق ملک کی فلم ’’پرواز ‘‘سے ان کی فلمی زندگی کا آغاز ہوا۔ اس فلم میں ان کی ہیروئن کا کردار صبیحہ خانم نے ادا کیا تھا۔ فلم ’’پرواز ‘‘ کے بعد کئی برس تک یوسف خان اردو فلموں میں کام کرتے رہے جن میں مجرم، حسرت، بھروسہ، فیصلہ اور نیا دور کے نام شامل ہیں۔1962 میں فلم ’’پہاڑن‘‘ سے ان کی پنجابی فلموں کا دور شروع ہوا اور جلد ہی وہ پنجابی فلموں کے بھی مصروف ترین اداکار بن گئے۔ یوسف خان کی یادگار پنجابی فلموں میں ملنگی، یارانہ، باجی، ضدی، غیرت میراناں، وارنٹ، ہتھکڑی، حشر نشر، اتھرا، جگنی، شریف بدمعاش، قسمت، جبرو، خطرناک، جاپانی گڈی، بت شکن، حیدر خاں، دھی رانی اور بڈھاگجر کے نام سرفہرست ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی آخری فلم ’’اتھرا ‘‘ تھی جو 2006 میں نمائش پذیر ہوئی۔ یوسف خان اور سلطان راہی کی جوڑی کو فلم بینوں نے ہمیشہ پسند کیا اور دو نوں اداکاروں کی ایک ساتھ فلم میں اداکاری فلم کی کامیابی ضمانت تصور کی جاتی تھی۔ یوسف خان نے اپنی فن کارانہ زندگی میں لاتعداد اعزازات بھی حاصل کیے جن میں 2006 میں حکومت پاکستان کی جانب سے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سرفہرست ہے۔ انہوں نے فلم ضدی، جبرو اور بت شکن اور فلم خدا گواہ میں بہترین اداکاری پر نگار ایوارڈ بھی حاصل کیے۔ اس کے علاوہ انہیں 1999 میں نگار ملینیئم ایوارڈ بھی دیاگیا۔ یوسف خان ایک طویل عرصہ تک فلمی فنکاروں کی تنظیم مووی آرٹسٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے روح و رواں بھی رہے۔یوسف خان 20ستمبر 2009 کو لاہور میں وفات پاگئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More